- دسمبر 2017 کے ایم ایم اے کے قیام کے اعلان کے ساتھ کہا گیا تھا کہ جماعت اسلامی اور جمعیت علماء اسلام دہریہ (secular )وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے ایک ماہ میں نکل جائیں گی ۔
- ایک ماہ سے زیادہ گزرنے کے باوجود آخر آج تک ایسا کیوں نہیں ہوا؟
- ضروت اس بات کی ہے کہ جماعت اسلامی یہ قدم فوراً اٹھائے اور خیبر پختونخواہ کی حکومت سے فوراً نکل جائے ۔
- پختونخواہ حکومت میں شرکت سے جماعت کے مقامی حلقہ جاتی کام کو استحکام اور ترقی ہوئی ہے اور یہ استحکام اور ترقی مخلصین دین کو محلہ اور مساجد کی سطح پر منظم کرنے کی بنیاد فراہم کرسکتی ہے ۔لیکن ابھی تک ایسا کچھ نہیں کیا گیا اور جماعت پختونخواہ کی تنظیم اور قیادت سے بالکل روایتی انداز میں انتخابات میں حصہ لینے کی منصوبہ بندی کررہی ہے ۔
- دہریہ حکومتی انتظامی مشینری کو استعمال کرکے دینی ادارتی صفبندی تقریباً ناممکن ہے ۔
- مثلاً خیبر پختونخواہ کا یہ فیصلہ کے آئمہ مساجد کو حکومتی تنخواہ دی جائیگی نہایت خطرناک ہوسکتا ہے ۔کیا ہم بھول گئے کہ اس حربہ کو استعمال کرکے مصر کی دہریہ حکومتوں نے مساجد اور مدارس(بالخصوص جامعۃ الاظہر) کو اخوان سے توڑا تھا-
- تحریک انصاف کی حکومت میں شرکت سے ہمیں سب سے بڑا نقصان یہ ہوا ہے کہ پچھلے پورے حکومتی دور سے ہم سودی سرکاری نظام کو وزارت خزانہ کے تحت چلا رہے ہیں اس سے ہماری اسلامی شناخت بری طرح متاثر ہورہی ہے ۔
- اس کے علاوہ تحریک انصاف سے سیاسی قربت کے نتیجہ میں ہمارے ذہین نوجوان کارکن ( modernism) کی بیماری کا شکار ہورہے ہیں اور اس بات کا شدید خطرہ پیدا ہورہا ہے کہ خیبر پختونخواہ کی جماعت میں ایسے مطلب پرست گھس آئے ہوں جن کا سرمایہ دارانہ معاشی اور سیاسی نظام سے مادی مفادات وابستہ ہوں یعنی وہ ( electable ) ہوں یہ سرمایہ دارانہ نظا م کے شراکت دار( stake holder ) ہوں ایسے افراد جماعت اسلامی کو بے اندازہ نقصان پہنچا سکتے ہیں ۔
لہذا ہمیں خیبرپختونخواہ کی حکومت سے فی الفور نکل جانا چاہئے اس سے یہ فائدے ہونگے کہ
- ہم جمعیت علماء اسلام پر زور ڈال سکیں گے کہ وہ مسلم لیگ کی حکومت فی الفور چھوڑ دے او ربلوچستان میں مسلم لیگ (ق) کی وزارت میں شامل نہ ہو۔
- ہمیں 2018ء کے انتخابات کو انقلابی تنظیمی بنیادوں پر لڑنے کا وقت مل جائے گا۔
ہم جماعت کے ہر کارکنوں سے گزارش کرتے ہیں کہ ان تجاویز کی طرف جماعت کی قیادت کی توجہ دلائیں –