اکتوبر 2017 میں سراج الحق وہاڑی تشریف لے گئے اور ایک عوامی جلسہ سے خطاب کیا الحمد اللہ اپنے اس خطاب میں آپ ایک مخلص اسلامی قائد کے روپ میں نظر آئے ۔آپ کا خطاب عشق رسولﷺ سے سرشار تھا اور آپ نے اسلامی عصبیت کو بیدار کرنے کی بھرپور کوشش کی۔آپ نے تحفظ ختم نبوتﷺ پر مسلم لیگ(ن) نے جو حملہ کیا ہے اس کی پرزور مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ جو فاسد وزرا اور اہلکار اس جسارت کے مرتکب ہوئے ہیں ان کو کڑی سزا دینی چاہئے ۔
یہ مطالبہ تحریک لبیک یارسول اللہ ﷺ پورے پنجاب میں نہایت عزم کے ساتھ چلارہی ہے اس کے سینکڑوں کارکن جیلوں میں بند ہیں اور وہ پورے پنجاب میں اسلامی جذباتیت کی لہر اٹھانے میں کامیاب ہورہی ہے ۔
ضرورت اس بات کی ہے کہ جماعت اسلامی فی الفور اس تحریک میں اپنا حصہ ڈالے اور تحریک لبیک یارسول اللہﷺ کے شانہ بشانہ ناموس رسالت ﷺ کے تحفظ کی جدوجہد میں جانی اور مالی قربانیاں دینے کے لئے تیار ہوجائے اور سراج الحق کا یہ کہنا کہ ہم عشق رسولﷺ میں موت کے لئے بھی تیار ہیں سچ کرکے دکھائے –
تحریک لبیک یارسول اللہﷺکو اس وقت اکیلا چھوڑدینا شدید نقصان دہ ثابت ہوگا، کیوں کہ اس تحریک نے مدت بعد پنجاب میں خالص اسلامی ایجنڈہ کی بنیاد پر عوام کو متحرک (mobilize) کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ اس میں کامیاب بھی ہے
جماعت اسلامی کو پنجاب میں اس اٹھتی ہوئی عوامی اسلامی لہر کو بڑھاوا دینے میں تن من دھن کی بازی لگا دینی چاہئے ۔
تحریک لبیک کی ایک کمزوری اس کی فرقہ واریت ہے لیکن ہمارے علاوہ ملک کی تمام اسلامی جماعتیں اس وباء کا کسی نہ کسی حدتک شکار ہیں یہی وجہ ہے کہ ناموس رسالتﷺ کی جدوجہد تحریک لبیک نے چلائی لیکن اسے کسی غیر بریلوی اسلامی جماعت نے تعاون فراہم نہیں کیا حالانکہ ناموس رسالتﷺ کے تحفظ کے حق میں بیانات سب نے دیئے- جماعت اسلامی ملک کی واحد غیر فرقہ وارانہ جماعت ہے یہ بریلوی دیوبندی ،اہل حدیث شیعہ سب کی جماعت ہے یہ اس ہی کا کام ہے کہ تمام اسلامی جماعتوں کو تحریک لبیک یارسول اللہ ﷺ کی اس تحریک میں شامل ہونے پر رضامند کرے –کیا ہی اچھا ہو کہ اس تحریک کی بنیاد پر وسیع تر اسلامی سیاسی اتحاد کی تعمیر ہو ،یہ اتحاد ایم ایم اے کی طرح محض ایک انتخابی اتحاد نہ ہو بلکہ عوامی سطح پر ایک معاشرتی اتحاد ہو جو آہستہ آہستہ فرقہ واریت کی حدبندیوں کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے منہدم کردے-
- ہم جماعت اسلامی کے ہر کارکن اور رکن سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ پارٹی قیادت میں زور ڈالے کہ وہاڑی میں PP235 کا انتخاب تحریک یارسول اللہ ﷺ سے اشتراک عمل پر لڑے اور اگر ضرورت پڑے تو اپنا نمائندہ تحریک کے نائندہ کے حق میں دستبردار کرادیاجائے اگر تحریک اس حلقہ میں اپنا نمائندہ کھڑا کرے تو حمایت میں اپنے نمائندہ کی دستبردای خود پیش کرے ۔
- تحریک یارسول اللہ ﷺ سے مستقل تنظیمی و مشاورتی روابط استوار اور مستحکم کرے اور اس کو دوسری اسلامی جماعتوں کے قریب لانے کے لئے رابطہ کا کردار ادا کرے-
- پنجاب میں تحریک لبیک کی ہرمہم کا بھر پور ساتھ دے اپنی انقلابی مشینری تحریک لبیک یارسول اللہﷺ کی مہمات کو فروغ دینے کے لئے فراہم کرے
- ملی مسلم لیگ سے بھی انتظامی اور رابط کو فروغ دے اور اس کو بھی وسیع تر اسلامی عوامی اتحاد میں شامل کرنے کی کوشش کرے ۔