کیا جماعت اسلامی اپنے مقصد وجود یعنی “اسلامی نظام زندگی کے قیام ” کے حصول کے لئے یہ مہم چلانا چاہتی ہے یا صرف لوگوں کو دنیاوی لذات کی فراہمی کی مہم میں اپنا حصہ ڈالنا چاہتی ہے؟
اگرجماعت اسلامی دنیاوی آسائشوں کی بنیاد پر عوامی دعوت مرتب کرے گی تو لوگ زیادہ سے زیادہ حقوق کے طالب ہوں گے اور اپنے نفس کا بندہ ظاہر ہے کہ عصبیت اسلامی کو فروغ نہیں دے سکتا، لہذا لوڈشیڈنگ کے خلاف مہم دعوت دین کی مہم نہیں ہوسکتی سرمایہ دارانہ حقوق اور سرمایہ دارانہ عدل کی جدوجہد لازماً ہو سکتی ہے۔
کیا یہ مہم جماعت اسلامی کے کارکنان میں Motivation پیدا کرنے میں مد دگار ثابت ہوگی؟ کہ وہ ٢٠١٨ کے الیکشن میں بھرپور انداز میں کام کرنے کے لئے تیار ہو جائیں؟
اس مہم کے ذریعے جماعت اسلامی کیا اپنے کارکنان میں اسلامی جذباتیت اور حمیت پیدا کرنا چاہتی ہے؟
کیا اس مہم کے ذریعے جماعت اسلامی ٢٠١٨ کے الیکشن میں اپنا ووٹ بنک بڑھانا چاہتی ہے؟
کیا یہ مہم تمام اسلامی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے میں مدد گار اور معاون ثابت ہوگی؟
ان سوالات کا جواب اگر اسلامی تناظر میں دیا جائے تو یہ کہنا غلط نہ ہو گا کہ جماعت اسلامی اپنے مقصد وجود “اسلامی نظام زندگی ” کے قیام اور اسلامی انقلاب کے نعرہ سے رجوع کر چکی ہے، اور اس کا ایجنڈ ا سوشل ڈیموکریٹک ایجنڈابن کر رہ گیا ہے، لوڈشیڈنگ کی مہم کے نتیجے میں جماعت اسلامی کے کارکنان میں انتہائی بیزاری اور مایوسی پائی جاتی ہے، اسی وجہ سے کے الیکٹرک کے خلاف جو مظاہرے اور دھرنے ہوئے ہیں ان میں حاظری نہ ہونے کے برابر ہے، سوائے میڈیا ٹرائیل کے جس کے نتیجے میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی یا بہتری ہونا ممکن نہیں، اس مہم کے نتیجے میں جماعت اسلامی کے کارکنان میں اسلامی حمیت اور عصبیت ختم ہو جائے گی اور ان کی زندگی میں حق اور حقوق حاصل کرنے کی ذہنیت پروان چڑھے گی ، جو ایک اسلامی تحریک کے لئے زہر قاتل ہے، اسی ہی وجہ سے جماعت اسلامی میں اندرونی مالی بے قاعدگیوں کے تذکرے بھی سننے کو ملتے ہیں، ظاہر سے بات ہے اس مہم کے ذریعے ووٹ بنک بڑھنے کی باتیں تو دور کی ہیں، شاید جماعت کے اپنے کارکنان بھی جماعت کو الیکشن میں ووٹ نہ دیں، اس مہم کے نتیجہ میں جماعت اسلامی جتنی اجنبیت کا شکار ہے ، تاریخ میں اس سے پہلے کبھی نہیں رہی۔۔۔اللہ سے دعا ہے کہ جماعت اسلامی کی قیادت تمام مسلمانوںکی صحیح معنوں میں ترجمان بنے۔